مودی اور کے سی آر حکومتوں سے ملک کو نجات ضروری، گاندھی بھون میں جشن آزادی تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر کانگریس پارٹی نے آج ’ آزادی ترنگا ریالی ‘ کا اہتمام کیا اور ملک کی آزادی کیلئے جان نچھاور کرنے والے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا گیا۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون میں جشن آزادی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ایم پی نے قومی پرچم لہرایا۔ تقریب سے قبل عابڈز میں مجسمہ نہرو سے ’ آزادی ترنگا ریالی‘ منظم کی گئی جس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو، اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو، پونم پربھاکر، پونالہ لکشمیا،مدھو یشکی گوڑ، عظمت اللہ حسینی، اقلیتی قائدین شیخ عبداللہ سہیل، سید نظام الدین، سمیر ولی اللہ، متین احمد، عثمان محمد خاں، محمد فیروز خاں، واجد حسین، ایس کے افضل الدین، محمد راشد خاں کے علاوہ صدر مہیلاکانگریس سنیتا راؤ، جنرل سکریٹری آل انڈیا یوتھ کانگریس انیل کمار یادو اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قائدین اور کارکن ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کرتے ہوئے نعرے لگارہے تھے۔ ریالی کے گاندھی بھون پہنچنے کے بعد صدر پردیش کانگریس نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 10 مجاہدین آزادی کو ریونت ریڈی نے تہنیت پیش کی ان میں ہنمنت ریڈی، راج شیکھر، کرشنا مورتی، کشن سنگھ، بالا برہمیا یادو اور دوسرے شامل ہیں۔ گاندھی بھون میں قائدین اور کارکنوں کے بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائدین کی جدوجہد کے نتیجہ میں ملک کو آزادی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں پُرامن اور عدم تشدد کے ساتھ جدوجہد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کے ذریعہ مطالبات کے حصول میں ہندوستان ساری دنیا کیلئے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں مذاہب کے درمیان پھوٹ اور نفرت پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ نفرت کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان مختلف مسائل کا شکار ہیں ۔ حکومت نے ان سے جو وعدے کئے تھے اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے کسانوں کو مفت برقی کی سربراہی، اِن پٹ سبسیڈی، امدادی قیمت، دلتوں اور گریجن طبقہ کو اراضی کی فراہمی جیسے تاریخی قدم اٹھائے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت نے کسانوں کے مفادات کے خلاف قانون سازی کرتے ہوئے امبانی اور اڈانی کی مدد کی ہے۔ گزشتہ 9 ماہ سے کسان نئی دہلی اور دیگر علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر حکومت پر بدعنوانیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات آتے ہی حکومت کو ترقی کے کام یاد آتے ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کے نام پر دلتوں اور گریجن طبقہ کی زمینات جبراً حاصل کرلی گئیں۔ احتجاج کرنے والے کسانوں کو کھمم ضلع میں جیل بھیج دیا گیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مودی اور کے سی آر حکومتوں کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے متحرک ہوجائیں۔ ان دونوں کے زوال تک ملک میں عوام کو انصاف نہیں ملے گا۔ کے سی آر نے ہر گھر کو روزگار فراہم کرنے اور مودی نے 2 کروڑ ملازمتوںکی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ بیروزگار نوجوان خودکشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کمزور اور پسماندہ طبقات کے علاوہ اقلیتیں حکومت سے بیزار ہیں۔ انہوں نے آئندہ انتخابات میں مرکز اور تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کی پیش قیاسی کی ہے۔
