سریدھر بابو اور جیون ریڈی کے نام زیر غور
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی چناؤ کیلئے کانگریس انتخابی منشور کی تیاری کا کام جلد شروع ہوگا۔ انتخابی منشور کمیٹی کے صدرنشین کے طور پر رکن اسمبلی اور اے آئی سی سی سکریٹری بی سریدھر بابو کا نام سرفہرست بتایا جاتا ہے۔ ہائی کمان نے پردیش کانگریس کو جاریہ ماہ کے اختتام تک انتخابی منشور کمیٹی تشکیل دینے ہدایت دی ہے۔ رکن کونسل جیون ریڈی جو فینانس، اگریکلچر، تعلیم اور دیگر شعبہ جات پر مہارت رکھتے ہیں وہ منشور کمیٹی کی صدارت کے دعویداروں میں ہیں۔ اے آئی سی سی قائد سونیا گاندھی کے ہاتھوں 17 ستمبر کو انتخابی منشور جاری کیا جائیگا۔ بتایا جاتا ہے کہ منتھنی سے 4 مرتبہ رکن اسمبلی سریدھر بابو کے حق میں پردیش کانگریس کے سینئر قائدین کی رائے ہے۔ 2018 اسمبلی انتخابات میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو منشور کمیٹی کا صدر نشین مقرر کیا گیا تھا۔ جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے اسمبلی چناؤ میں کانگریس کا منشور اہمیت کا حامل رہے گا۔ پارٹی کے حکمت عملی ساز سنیل کونگلو نے مختلف طبقات کی تائید کیلئے کرناٹک کی طرح بعض تجاویز پیش کی ہیں۔ توقع ہے کہ سریدھر بابو اور جیون ریڈی کے درمیان کسی ایک کا انتخاب ہائی کمان کے ذریعہ کیا جائے گا۔