گاندھی جی کے سابرمتی آشرام میں دعائیہ اجتماع ، لوک سبھا انتخابات سے قبل گاندھی جی کے عدم تشدد و رواداری کے نظریہ پر زور
احمدآباد ۔ 12مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرنے سے قبل مہاتما گاندھی کو آج یہاں سابرمتی آشرم میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ پارٹی کے قائدین نے اپنے سربراہ راہول گاندھی ، یوپی اے چیرپرسن سونیا گاندھی کی قیادت میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے عام انتخابات سے قبل گاندھی جی کو اور اُن کے عدم تشدد و رواداری کے نظریات کو یاد کرتے ہوئے ملک کے عوام کو علامتی پیام دینے کی کوشش کی ہے ۔ سابرمتی آشرم میں منعقدہ دعائیہ اجتماع میں شرکت کرنے والے دیگر پارٹی قائدین میں اے کے انٹونی ، غلام نبی آزاد ، احمد پٹیل ، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ ، چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بگھیل ، چیف منسٹر پوڈیچری وی نارائنا سوامی ، سابق وزرائے اعلیٰ سدارامیا ، ترون گوگوئی ، ہریش راوت اور اومن چنڈی شامل ہیں ۔ راہول نے پیر کو دہلی میں کانگریس بوتھ ورکرس سے خطاب میں کہا تھا کہ آنے والے عام انتخابات مہاتما گاندھی کے ہندوستان اور نتھورام گوڈسے کے ہندوستان کے درمیان لڑائی ہے جس میں ایک طرف محبت اور دوسری طرف نفرت ہے ۔ آج مشہور ڈانڈی مارچ کا سالانہ یوم بھی ہے جو مہاتما گاندھی نے سابرمتی آشرم سے 12مارچ 1930ء کو ستیہ گرہ کرنے والوں کے گروپ کے ساتھ شروع کیا تھا ۔
کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئیٹر ہینڈل پر کہا کہ یہ مارچ نمک کے بارے میں سخت اور جابرانہ برطانوی پالیسیوں کے خلاف عدم تشدد پر مبنی احتجاج تھا ۔ کانگریس نیورکنگ کمیٹی جو اُس کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے ، اُس کی میٹنگ میں عام انتخابات کیلئے اپنی حکمت عملی کو قطعی شکل دے گی ۔ یہ میٹنگ آج دیر گئے منعقد ہورہی ہے ۔ سی ڈبلیو سی میٹنگ یہاں ولبھ بھائی پٹیل کی قومی یادگار میں منعقد کی جارہی ہے جس میں پارٹی کے اعلیٰ قائدین بشمول سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور نومقررہ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی شرکاء میں شامل رہیں گے ۔ یہ پہلی مرتبہ رہے گا کہ پرینکا کانگریس پارٹی میں سرگرم سیاسی رول کا جائزہ لینے کے بعد اسی آفیشیل میٹنگ میں شرکت کریں گی ۔ بعد ازاں پارٹی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست سے انتخابی بگل بجائے گی ، جس کے تحت یہاں جن سنکلپ ریالی منعقد کی جائے گی ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی دن بھر طویل میٹنگ کی اس لحاظ سے اہمیت ہے کہ یہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بمشکل دو روز بعد منعقد ہورہی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ کانگریس مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کی سرزمین سے قوم کو مضبوط سیاسی پیام احمدآباد میں واقع سابرمتی گاندھی آشرم سے دینا چاہتی ہے ۔ اس کے بعد سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل میموریل میں سی ڈبلیو سی میٹنگ منعقد کی جائے گی ۔