کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کیلئے کئی قائدین دعویدار

   

اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر تین ارکان کی نظریں، ہائی کمان کے فیصلہ کا انتظار
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر کی حیثیت سے بھٹی وکرمارکا کے انتخاب کے بعد پردیش کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی اور اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی صدرنشین کے عہدوں کیلئے ارکان اسمبلی میں سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اے آئی سی سی کی جانب سے اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ پردیش کانگریس کی صدارت میں فوری تبدیلی کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔ لہذا پردیش کانگریس کی صدارت کے دعویداروں نے اپنی سرگرمیوں کو موقوف کردیا ۔ اسمبلی میں کانگریس کو مسلمہ اپوزیشن کا موقف حاصل ہے ، لہذا قائد اپوزیشن کیلئے بعض ارکان نے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا تھا ۔ کانگریس اعلیٰ کمان نے لوک سبھا انتخابات میں کمزور طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے بھٹی وکرمارکا کے نام کو منظوری دی۔ سی ایل پی لیڈر کے عہدہ کیلئے ان کے نام کی منظوری کی ایک اہم وجہ اسمبلی کے امور میں ان کا وسیع تر تجربہ ہے۔ کانگریس حکومت میں وہ ڈپٹی اسپیکر اور گورنمنٹ وہپ کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کے بعد تشہیری کمیٹی کی صدارت کیلئے بعض ارکان نے اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے پی سی سی کو نئی کمیٹیوں کو قطعیت دینے کی ہدایات دی ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں کئی قائدین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ، لہذا کانگریس ہائی کمان معاشی طور پر مستحکم کسی قائد کو تشہیری کمیٹی کی صدارت پر فائز کرنے کا خواہاں ہیں تاکہ لوک سبھا انتخابات میں امیدواروں کیلئے فنڈس کا کوئی مسئلہ نہ رہے۔ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی انتخابی مہم کیلئے فنڈس کے حصول اور درکار مقامات پر خرچ کرنے کی صلاحیت کے حامل قائد کو مقرر کیا جاسکتا ہے۔ اس عہدہ کیلئے نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور ایل بی نگر کے رکن اسمبلی ڈی سدھیر ریڈی نے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ارکان اسمبلی اپنی اہلیت کا مظاہرہ کرنے موقع کا انتظار کر رہے ہیں۔ پارٹی حلقوں میں یہ بات گشت کر رہی ہے کہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کو چونکہ سی ایل پی لیڈر کا عہدہ ن ہیں ملا ، لہذا ان کے نام پر غور کیا جاسکتا ہے کہ بہت جلد پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے مختلف کمیٹیوں کیلئے قائدین کے ناموں کی تجویز اے آئی سی سی کو روانہ کی جائے گی۔ دوسری طرف اسمبلی کی پبلک اکاونٹس کمیٹی کی صدارت کیلئے سبیتا اندرا ریڈی ، وی وینکٹیشور راؤ اور سریدھر بابو اہم دعویدار ہیں۔ اس کمیٹی کے صدرنشین کو کابینی درجہ حاصل ہوتا ہے اور یہ عہدہ اہم اپوزیشن پارٹی کو دیا جاتا ہے ۔ سینیاریٹی کے اعتبار سے وی وینکٹیشور راؤ اس عہدہ کے دعویدار ہیں جبکہ سابق وزیر مقننہ ڈی سریدھر بابو سابق میں تجربہ کی بنیاد پر اس عہدہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اگر خاتون زمرہ میں یہ عہدہ الاٹ کرنا ہو تو یہ سبیتا اندرا ریڈی کے حق میں جاسکتا ہے۔ گزشتہ اسمبلی میں ڈاکٹر جے گیتا ریڈی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی صدرنشین رہ چکی ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ کانگریس ہائی کمان مذکورہ عہدوں پر انتخاب کے سلسلہ میں کن معیارات کو اختیار کرے گا۔