کانگریس کی تنظیمی کمیٹیوں کی تشکیل 15 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت

   

متحدہ میدک ضلع کے قائدین کا اجلاس، پونم پربھاکر، جی ویویک اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) متحدہ میدک ضلع کے کانگریس قائدین کا اجلاس گاندھی بھون میں منعقد ہوا ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور ضلع کے انچارج وزیر جی ویویک کے علاوہ پارلیمانی حلقہ جات کے انچارجس پردیش کانگریس کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز نے شرکت کی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت کے مطابق 15 جولائی تک ضلع کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تنظیمی سطح پر کانگریس کے استحکام کے ذریعہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بہتر مظاہرہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے متحدہ میدک ضلع کے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ باہمی اشتراک کے ذریعہ تنظیمی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے پارلیمانی حلقوں کے انچارجس کو اس معاملہ میں اہم رول ادا کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کی سطح سے ضلع کی سطح تک کمیٹیوں کی تشکیل میں پارٹی کے سنجیدہ اور متحرک قائدین کو نمائندگی دی جائے۔ 15 جولائی سے قبل کمیٹیوں کی تشکیل مکمل کرتے ہوئے تنظیمی سطح پر پارٹی کے استحکام میں قائدین اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹیوں میں شمولیت کیلئے مقامی ارکان اسمبلی اور اہم قائدین سے مشاورت کی جائے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے کمیٹیوں میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کو مناسب نمائندگی کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ میدک ضلع کے تحت سنگا ریڈی ، سدی پیٹ اور میدک اضلاع کا 11 جولائی کے بعد تنظیمی دورہ کر یں گے ۔ 10 جولائی کو اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس میں رکن پارلیمنٹ سریش شیٹکر سدی پیٹ ، سنگا ریڈی اور میدک کے ضلعی صدور ٹی نرسا ریڈی ، نرملا جگا ریڈی ، انجنیلو گوڑ ، رکن اسمبلی رام موہن ریڈی ، ایم سائی کمار ، میدک اور ظہیر آباد پارلیمانی حلقہ جات کے انچارج نائب صدور مجاہد عالم خاں ، بنڈی رمیش ، جنرل سکریٹریز جگدیشور گوڑ ، داراسنگھ ، سرینواس گپتا اور دوسروں نے شرکت کی۔1