متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10 ہزار کی امداد کا مطالبہ، کے ٹی آر کو ریونت ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد: 27 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی پر کل 28 جولائی کو جی ایچ ایم سی دفتر کے گھیرائو کا اعلان کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے شہر کے تمام کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اس احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ کانگریس قائدین اور کارکن صبح 11 بجے شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے پاس جمع ہوں گے اور وہاں سے جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس کے گھیرائو کے لیے روانہ ہوں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی اور دیگر محکمہ جات بارش کی صورتحال سے نمٹنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں اور وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو کے ترقی سے متعلق دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ ریونت ریڈی نے کے ٹی راما رائو کو مکتوب روانہ کیا اور شہر کے متاثرہ علاقوں میں بچائو اور راحت کے کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کے دعوے بارش کے ساتھ ہی کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدی حکام بارش سے قبل احتیاطی تدابیر کا ایکشن پلان تیار کرنے میں ناکام رہے۔ حیدرآباد کو ڈلاس اور پرانے شہر کو استنبول کی طرز پر ترقی دینے کا دعوی کیا گیا لیکن گزشتہ چند دن سے جاری بارش کے نتیجہ میں بیشتر علاقے پانی میں محصور ہوچکے ہیں۔ حکومت کی ناکامی کا خمیازہ عوام کو نقصانات کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔ ریونت ریڈی نے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر 10 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی میں محصور افراد کو ریلیف کیمس قائم کرتے ہوئے منتقل کیا جائے جہاں غذا اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو بچائو اور امدادی کاموں میں شامل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔