کانگریس کی جانب سے آج ریاست بھر میں کورونا امدادی کاموں کا فیصلہ

   

ماسک، ادویات اور اجناس کی تقسیم ، اتم کمار ریڈی کی اپیل
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں اور قائدین سے اپیل کی کہ 21 مئی کو سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 30 ویں برسی کے موقع پر کورونا مریضوں کیلئے امدادی کاموں کا اہتمام کریں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں 21 مئی کو عوام میں ماسک کی تقسیم اور مریضوں میں ادویات اور غریبوں میں غذا کی تقسیم کی ہدایت دی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست میں کانگریس قائدین کی جانب سے کورونا کے متاثرین کے لئے جاری خدمات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی سی سی نے راجیو گاندھی کی برسی کے سلسلہ میں بعض پروگرام طئے کئے ہیں ۔ ریاست کے ہر ضلع میں ان پروگراموں پر عمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر بوتھ کی سطح پر کم از کم 50 ماسک کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ کورونا کے مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے علاوہ ان کے افراد خاندان کے لئے غذا اور اجناس کا انتظام کیا جائے ۔ انہوں نے دواخانوں میں زیر علاج مریضوں کے رشتہ داروں ، ایمبولنس ڈرائیورس اور آخری رسومات میں شرکت کرنے والے افراد کیلئے غذا کی فراہمی کی ہدایت دی ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مستحق افراد کو قریبی ٹیکہ اندازی مراکز سے رجوع کرتے ہوئے ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔