حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اُتر پردیش میں دلت لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ اور یوگی حکومت کی بے حِسی کے خلاف 5 اکٹوبر کو ملک گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینو گوپال نے تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرکے 5 اکٹوبر صبح ریاستی اور ضلعی سطح پر ستیہ گرہ کا اہتمام کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام سینئر قائدین کو اس خاموش احتجاج میں حصہ لینا چاہیئے۔ ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر اہم قائدین مہاتما گاندھی یا ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کے روبرو خاموش احتجاج کریں۔ یا پھر کسی مرکزی مقام پر احتجاج کیا جائے جس میں اُتر پردیش حکومت سے متاثرہ خاندان کو انصاف کا مطالبہ کیا جانا چاہیئے۔ وینو گوپال نے تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ستیہ گرہ کا اہتمام کرنے کیلئے ہدایت جاری کرنے صدر پردیش اتم کمار ریڈی سے خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت خاطیوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔