کانگریس کی جانب سے راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر کورونا متاثرین کی مدد

   

حیدرآباد اور اضلاع میں مختلف پروگرام ، اتم کمار ریڈی ، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے آج ریاست بھر میں آنجہانی راجیو گاندھی کی برسی کے موقع پر کورونا مریضوں کیلئے امدادی کام انجام دیئے ۔ مریضوں اور ان کے رشتہ داروں میں غذا ، ادویات اور اجناس کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی سونیا گاندھی نے ملک بھر میں امدادی کام انجام دینے کی ہدایت دی تھی ۔ حیدرآباد اور اضلاع میں راجیو گاندھی کے مجسموں پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے اور قائدین نے مختلف دواخانوں تک پہنچ کر امداد تقسیم کی ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ ارکان اسمبلی و کونسل نے مختلف اضلاع میں کورونا مریضوں کی مدد کیلئے پروگرام منعقد کئے تھے۔ بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کورونا کے مریضوں میں آکسیجن سلینڈر تقسیم کئے۔ سوریہ پیٹ ضلع کے حضور نگر میں صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آنجہانی راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے سرکاری دواخانہ پہنچ کر کورونا کے مریضوں سے ملاقات کی ۔ اتم کمار ریڈی نے مریضوں میں غذا ، ڈرائی فروٹس اور ان کے رشتہ داروں میں اناج کی تقسیم عمل میں لائی ۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اتم کمار ریڈی نے سرکاری دواخانوں میں ڈاکٹرس کی کمی دور کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سوریہ پیٹ کے ہاسپٹل میں 49 ڈاکٹرس کی جائیدادیں ہیں جن میں سے صرف 8 جائیدادوں کو پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ہاسپٹل کی ترقی کے لئے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ اتم کمار ریڈی نے پرائمری ہیلت سنٹرس کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے ہاسپٹل اسٹاف اور صفائی عملہ کے علاوہ ایمبولنس ڈرائیورس میں غذا اور پھل تقسیم کئے۔ گاندھی بھون میں وی ہنمنت راؤ اور جی نرنجن نے راجیو گاندھی کی تصویر پر پھول چڑھائے ۔ پنجہ گٹہ میں راجیو گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کرنے والوں میں ریونت ریڈی ، وی ہنمنت راؤ ، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون اور دوسرے شامل ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے راجیو گاندھی نے ملک کی ترقی کیلئے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ملک کی یکتا اور یکجہتی کیلئے جان کی قربانی پیش کردی۔ ہنمنت راؤ نے غریبوں میں غذا کی تقسیم عمل میں لائی ۔ اسی دوران پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ونود ریڈی نے حمایت نگر میں پروگرام منعقد کیا جس میں غریبوں میں اناج کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ونود ریڈی کے ہمراہ سکریٹری سیوا دل سنجے سنگھ اور دیگر قائدیم اس موقع پر موجود تھے ۔ ونود ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں غریبوں اور مستحق افراد کی مدد کر رہی ہے۔