کانگریس کی جانب سے ضلع اور اسمبلی سطح پر مقامی انتخابی منشور کا فیصلہ

   

عنقریب منشور کمیٹی اضلاع کا دورہ کرے گی، گاندھی بھون میں منشور کمیٹی کا اجلاس

حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کی انتخابی منشور تیاری کمیٹی کا گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی کے صدرنشین رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے صدارت کی۔ سابق وزراء پونالہ لکشمیا، جی چنا ریڈی اور دیگر ارکان نے شرکت کی اور انتخابی منشور میں شامل کئے جانے والے امور کا جائزہ لیا گیا۔ منشور کمیٹی کو سماج کے مختلف طبقات سے موصولہ نمائندگی کا جائزہ لیا گیا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ منشور کمیٹی عنقریب تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے سماج کے مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور تمام طبقات کیلئے سماجی، معاشی ترقی اور فلاح و بہبود پر مبنی رہے گا۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ تمام طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ہے۔ تلنگانہ کے عوام کی خواہشات اور ضرورتوں کے عین مطابق انتخابی منشور تیار کیا جائے گا اور تلنگانہ عوام نے تبدیلی کے حق میں فیصلہ کرلیا ہے۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ ضلع واری اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر مقامی ضرورتوں کے مطابق مقامی انتخابی منشور جاری کئے جائیں گے۔ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے حکومت سے ڈی ایس سی کا مطالبہ کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ 13500 ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آتے ہی ٹیچرس کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ڈی ایس سی کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسی دوران تلنگانہ میں ڈی ایس سی امیدواروں نے گاندھی بھون پہنچ کر منشور کمیٹی کو یادداشت پیش کی۔ کسانوں کے نمائندوں نے بھی سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے کنوینر سابق وزیر پرساد کمار، سابق وزیر ایس چندر شیکھراور مہیش کمار گوڑ شریک تھے۔