چنڈی گڑھ: پنجابی گلوکار اور کانگریس لیڈر سدھو موسے والا کے قتل کے بعد امن و قانون کی صورتحال پر بلائی گئی کانگریس کی کل جماعتی میٹنگ آج نہیں ہو سکی اور اسے ملتوی کر دیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے ٹویٹ کرکے یہ معلومات دی ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور شرومنی اکالی دل نے آل پارٹی میٹنگ ملتوی کرنے کو کہا ہے ، اس لیے میٹنگ ملتوی کی جا رہی ہے ۔ وڈنگ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کی سیکیورٹی اور بگڑتے امن و قانون کے معاملے کی فوری ضرورت کے مدنظر پہلے ان جماعتوں نے رضامندی دی تھی لیکن اب کیوں میٹنگ ملتوی کرنے کے لیے کہا گیا ہے ۔ وڈنگ نے کل ہی تجویز دی تھی کہ پنجاب کے سامنے سنگین چیلنج کے پیش نظر تمام اپوزیشن جماعتوں کو اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر اس کا مقابلہ کرنا چاہیے اور لڑنا چاہیے ۔