کانگریس کی رکنیت سازی مہم میں اقلیتوں کو شامل کرنے کی ہدایت

   

ضلع صدور سے ریاستی صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل کی زوم کانفرنس
حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے تمام ضلع صدور اور انچارج میناریٹی ڈپارٹمنٹ فرحان اعظمی کے ساتھ زوم کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر تمام ضلعی صدور کو پارٹی رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ہدایت دی گئی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ منڈل اور ضلع کی سطح پر رکنیت سازی مہم پر توجہ دی جائے اور اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو زیادہ سے زیادہ رکنیت سازی میں شامل کرتے ہوئے اقلیتوں کو پارٹی سے قریب لانے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جنوری تک تلنگانہ میں 30 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں سے اشتراک کے ذریعہ اقلیتوں کی رکنیت سازی پر توجہ مبذول کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتوں کو ٹی آر ایس حکومت سے مایوسی ہوئی ہے اور وہ کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ایسے وقت میں میناریٹیز ڈپارٹمنٹس کے ذمہ داروں کو چاہیئے کہ وہ رکنیت سازی پر خصوصی توجہ دیں اور ہر بوتھ کی سطح پر اقلیتوں کی رکنیت سازی کو یقینی بنایا جائے۔ ضلعی صدور نے رکنیت سازی کے سلسلہ میں اپنی رپورٹ پیش کی۔ شعبہ اقلیت کے انچارج فرحان اعظمی نے تلنگانہ میں میناریٹیز ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور قائدین کو مزید متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ر