تلنگانہ میں 30 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ، نیو انڈیا انشورنس کمپنی سے معاہدہ
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے رکنیت سازی حاصل کرنے والے افراد کیلئے 2 لاکھ روپئے انشورنس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے اس کے تحت نیو انڈیا انشورنس کمپنی اور پرمود بیمہ کمپنی سے معاہدہ کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین معاہدہ پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے بتایا کہ رکنیت سازی حاصل کرنے والے ہر شخص کو 2 لاکھ روپئے انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ یکم اپریل 2022 سے 31 مارچ 2023 تک رکنیت کی میعاد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر 9 ڈسمبر کو ڈیجیٹل ممبر شپ مہم کا آغاز کردیا گیا اور تلنگانہ میں ابھی تک 7 لاکھ سے زائد افراد نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی ہے۔ ریاست میں 30 لاکھ رکنیت سازی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں34765 پولنگ بوتھس ہیں ہر بوتھ کیلئے کانگریس ایک انرولر کو مقرر کرے گی۔ ہر بوتھ کیلئے 100 ارکان کو یقینی بنایا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ رکنیت سازی میں تعاون کیلئے ایک علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں رکنیت سازی مہم میں عوام کا جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ رکنیت سازی کے ساتھ ایک شناختی کارڈ بھی جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بوتھ میں 100 ارکان کے حساب سے تلنگانہ میں 44 لاکھ ارکان ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ محمد علی شبیر نے اپنے بوتھ میں 400 ارکان کی رکنیت سازی کی ہے۔ ڈاکٹر چنا ریڈی نے اپنے حلقہ میں 20 ہزار رکنیت سازی مکمل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منڈل میں 15 ہزار، اسمبلی حلقہ میں 50 ہزار اور لوک سبھا حلقہ میں 3.5 لاکھ رکنیت سازی کرنے والوں کو راہول گاندھی سے ملاقات کا موقع حاصل ہوگا اور وہ ستائشی مکتوب حوالے کریں گے۔ 26 جنوری تک رکنیت سازی مکمل نہ ہونے پر توسیع کیلئے ہائی کمان سے نمائندگی کی جائے گی۔ر