کانگریس کی شکست کیلئے قیادت ذمہ دار:عبدالمنان

   

کولکاتا 14فروری (سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ، عبدالمنان نے دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کراری شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شکست سے پارٹی ورکروں کے درمیان مایوسی پھیلے گی۔دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس مکمل طور پر خالی ہاتھ رہی ہے ۔ ووٹ فیصد کی شرح بھی کم ہوکر8.5 فیصد رہ گئی ہے۔عبد المنان نے کہا کہ کانگریس کی بدقسمتی یہ ہیکہ آج بعض نااہل قائدین منظر پر چھا گئے ہیں۔ کچھ ایسے لیڈران مرکزی اور ریاستی سطح پر کانگریس کی قیادت کررہے ہیں ، جن میں اہلیت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دہلی کے عوام نے اسی لیڈر شپ کو مسترد کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں پارٹی کمان سونپی جارہی ہے جنہیں پارٹی کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے اور قیادت کرنے کا تجربہ نہیں ہے ۔عبد المنان نے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں مختلف ریاستوں میں پارٹی کی کراری شکست کاحقیقت پسندانہ تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے ۔عبد المنان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ترقی یافتہ ملک بنانے ، جمہوریت اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے کیلئے کانگریس کے سیکڑوں قومی رہنماؤں اور لاکھوں کانگریس کارکنوں نے اہم کردار اداکیا ہے ۔