انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر کے ساتھ سیکنڈ ایر کے طلبہ کو بھی بغیر امتحانات کے کامیاب کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد : کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے قائدین نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پر احتجاجی دھرنا منظم کرتے ہوئے انٹر سال اول اور سال دوم کے تمام طلبہ کو بغیر کسی امتحانات کے کامیاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تلنگانہ این ایس یو آئی کے صدر پی وینکٹ کی قیادت میں احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا۔ انہوں نے وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی پر کورونا کے پیش نظر انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایر کے طلبہ کو پروموٹ کرنے اور جن کے بیاک لاگ ہے انہیں بھی پاس کرنے کے معاملے میں واضح موقف کا اظہار نہیںکیا ہے جس سے طلبہ اور ان کے سرپرستوں میں الجھن پائی جاتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنے کے بجائے انٹرمیڈیٹ فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے تمام طلبہ کو بغیر امتحانات کے کامیاب بنانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر انٹر سیکنڈ ایئر کے طلبہ کو کامیاب بنایا جاتا ہے تو وہ قومی سطح پر منعقد ہونے والے دوسرے اہلیتی امتحانات کی تیاری کرپائیں گے۔ فرسٹ ایئر کے طلبہ کو کامیاب بنانے پر ان کا تعلیمی بوجھ کم ہوگا۔ حکومت تلنگانہ اور محکمہ تعلیم اس معاملے میں سنجیدگی سے کام کریں۔تلنگانہ میں کورونا کے کیسیس میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے حکومت کو چند تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔
حکومت فوری حرکت میں آئے اور طلبہ سے انصاف کرے۔ تلنگانہ این ایس یو آئی کی جانب سے گذشتہ سال بھی احتجاج کیا گیا حکومت کو توجہ دلائی گئی مگر حکومت کی ٹال مٹول پالیسی سے طلبہ پریشان ہیں۔ احتجاجی طلبہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔