کانگریس کی غلطیوں کی سزا بھکت رہی ہے مسلم خواتین :مختار عباس نقوی

,

   

نئی دہلی، 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)اقلیتی معاملوں کے وزیرمختار عباس نقوی نے جمعرات کو کہا ہے کہ سال 1986 میں کانگریس کی حکومت نے سپریم کورٹ کے اس وقت کے فیصلے کو بدل کر جو غلطی کی تھی اس کی سزا مسلم خواتین آج تک بھگت رہی ہیں۔مسٹر نقوی نے تین طلاق کو غیر قانونی بنانے سے متعلق مسلم خواتین (تحفظ شادی حقوق) بل2019 پر لوک سبھامیں جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ (شاہ بانو معاملے ) میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو غیر فعال کرنے کے لئے ایک قانون لایا گیا تھا۔ آج کی حکومت اسی فیصلے کے نفاذ کے لئے قانون لائی ہے ۔ اس وقت کی کانگریس حکومت نے کچھ لوگوں کو خوش کرنے کے لئے لمحوں کی خطا کی تھی جو صدیوں کی سزا بن گئی ہے ۔1986 میں اپنی مٹھی بھر لوگوں کے دباؤ میں جو غلطی کی تھی اس کی سزا لوگ آج تک بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ملک میں روایتی برائیوں کو ختم کرنے کے لئے قانون نہیں بنایا گیا ہے ۔ اس ملک میں ستی نظام اور بچوں کی شادیوں جیسی غلط روایت کو ختم کرنے کے لئے بھی قانون بنایا گیا ہے ۔ تین طلاق بھی اسی طرح کی غلط روایت اور سماجی برائی ہے ۔