بی جے پی و ٹی آر ایس کا جدوجہد سے تعلق نہیں: بھٹی وکرامارکا
حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ جدوجہد آزادی سے بی جے پی اور ٹی آر ایس کا کوئی تعلق نہیں ہے اور کانگریس کی قیادت میں مجاہدین آزادی نے جانیں نچھاور کرکے ملک کو آزادی دلائی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک کی آزادی کے 75 ویں سال کی تکمیل پر بی جے پی بلند بانگ دعوے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1857 سے 1947 تک کانگریس کی قیادت میں آزادی کی لڑائی لڑی گئی۔ گوپال کرشنا گھوکھلے، لالہ لاجپت رائے، بال گنگا دھر تلک، موتی لال نہرو، مولانا ابوالکلام آزاد، مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو، سردار پٹیل اور دیگر مجاہدین آزادی جدوجہد میں پیش پیش رہے۔ ان قائدین کو جیل کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کو مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کو ایک طاقتور جمہوری نظام عطا کیا ہے جس پر عمل کرتے ہوئے عوام کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے دستور ہند کے ذریعہ ہر شعبہ میں رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کی تاریخ سے محروم بی جے پی اور ٹی آر ایس کو کانگریس پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے۔ گزشتہ 7 برسوں میں عوامی شعبہ کے اداروں کو ختم کرنے کی سازش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام آئندہ انتخابات میں دونوں پارٹیوں کو بیدخل کرکے کانگریس کا اقتدار واپس لائیں گے۔