حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ، مہیش کمار گوڑ نے پوسٹر جاری کیا
حیدرآباد ۔22 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی نے 24 تا 26 جنوری تین روزہ منریگا بچاؤ سنگرام یاترا کا اعلان کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے صدر ضلع کانگریس کمیٹی حیدرآباد سید خالد سیف اللہ کے ہمراہ یاترا کا پوسٹر جاری کیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے منریگا اسکیم کی برخواستگی کے خلاف بطور احتجاج یاترا شروع کی جارہی ہے جس میں عوام کو مودی حکومت کے غریبوں کے خلاف منصوبہ سے واقف کرایا جائے گا۔ منریگا بچاؤ سنگرام یاترا کا 24 جنوری کو صبح 10 بجے تاریخی چارمینار سے آغاز ہوگا جبکہ 26 جنوری کو ملک پیٹ ٹی وی ٹاور کے قریب اختتام عمل میں آئے گا۔ یاترا کے دوران چارمینار ، بہادر پورہ ، یاقوت پورہ ، چندرائن گٹہ اور ملک پیٹ اسمبلی حلقہ جات میں فی کس 3 تا 4 بلدی وارڈس کا احاطہ کیا جائے گا۔ خالد سیف اللہ نے اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کے ہمراہ صدر پردیش کانگریس سے ملاقات کی اور تفصیلات سے واقف کرایا۔ اس موقع پر بہادر پورہ انچارج راجیش کمار ، چندرائن گٹہ انچارج بی ناگیش ، چارمینار انچارج مجیب اللہ شریف موجود تھے۔ صدر پردیش کانگریس سے یاترا کی اجازت لی گئی اور انہیں شرکت کی دعوت دی گئی۔ خالد سیف اللہ نے کہا کہ مودی حکومت نے دیہی علاقوں کے مزدوروں کو روزگار سے محروم کرنے کیلئے منریگا اسکیم کو ختم کردیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔1