کانگریس قیادت پر سوال اٹھانے کا سلسلہ کل بھی جاری رہا اور پارٹی کے سینئر رہنما نٹور سنگھ نے کہا کہ اب کانگریس میں الٹے سیدھے فیصلے کیے جارہے ہیں۔ اس سے قبل بدھ کے روز سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما کپِل سبل نے قیادت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں صرف’جی حضوروں‘ کی سنی جا رہی ہے جس سے نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس قیادت کے فیصلوں کے بارے میں بولنا نہیں چھوڑیں گے۔ اسی طرح سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ بلانے کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے پارٹی صدر سونیا گاندھی کو ایک خط لکھا ہے۔ سبل اور آزاد کے بعد نٹور سنگھ نے اب پارٹی کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کانگریس کے وفادار رہے ہیں۔ وہ یہ بھی سمجھنے سے قاصر ہیں کہ پارٹی کے اس قدآور لیڈر کو ہٹانے کا فیصلہ کس بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پنجاب کانگریس میں جو بھی پیش رفت ہوئی وہ غلط تھی اور کانگریس قیادت نے کیپٹن کو ہٹانے کا فیصلہ کیا، یہ بہت غلط ہے۔