کانگریس کی پانچویں ضمانت ’ اندرماں اندلو ‘ کا آغاز

   

4.5 لاکھ مکانات کی فراہمی کا نشانہ‘ بھدرا چلم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 11 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست میں اندراماں اندلو کے نام سے امکنہ اسکیم کا آغاز کردیا اور اس اسکیم کے تحت 4لاکھ 50 ہزار امکنہ کی فراہمی کے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بھدراچلم میں حکومت سے کانگریس حکومت کی 5 ویں ضمانت پر عمل کا اعلان کیا گیا کہ تلنگانہ کے تمام 119 حلقہ جات اسمبلی میں ہر حلقہ اسمبلی میں 3500 مکانات کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی ۔ چیف منسٹر نے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت تلنگانہ کے غریب عوام کے خوابوں کو پورا کر رہی ہے جبکہ سابقہ حکومت میںغریبوں کے خوابوں کا ووٹ کے ذریعہ سودا کیا گیا اور ڈبل بیڈ روم مکانات کے نام پر دھوکہ دیا گیا۔ اندراماں امکنہ اسکیم کے آغاز کی تقریب میں چیف منسٹر کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ ٹی ناگیشورراؤ‘ کے وینکٹ ریڈی ‘ پی سرینواس ریڈی ‘ کونڈا سریکھا ‘ سیتا اکا‘ ڈی سریدھر بابو‘ کیپٹن اتم کمار ریڈی ‘ پونم پربھا کر و دیگر موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ حکومت نے 22 ہزار 500کروڑ کی لاگت سے ریاست بھر میں 4.5 لاکھ مکانات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے غریب عوام کیلئے امکنہ اسکیم کا آغاز کیا تھا اور کانگریس جب کبھی اقتدار میں رہی غریب عوام کو مکانات کی فراہمی کی ممکنہ کوشش کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسکیم پر مؤثر عمل اور خواتین استفادہ کنندگان ہوں اس کی ممکنہ کوشش کی جائیگی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں راج شیکھر ریڈی نے بھی غریب عوام کیلئے امکنہ اسکیم کا آغاز کیا تھا ۔ ریونت ریڈی نے سابقہ حکومت اور کے سی آر کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ڈبل بیڈروم کے نام پر غریبوں کو خواب دکھا کر ووٹ لئے گئے لیکن کھمم کے عوام نے بی آر ایس کے دھوکہ میں آنے کے بجائے محض ایک نشست پر کامیاب کیا تھا۔ اب دھوکہ اور فریب کے دور کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ کانگریس نے عوام سے جو وعدے کئے ان کو پورا کیا جا رہا ہے ۔ جلد بازی میں فیصلہ کی بجائے تمام امور کو ذہن میں رکھ کر اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے۔چیف منسٹر نے مرکز اور وزیر اعظم مودی کو تنقید کا نشانہ بناکر استفسار کیا کہ تلنگانہ میں انہوں نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت کتنے مکانات تعمیر کئے ہیں اور وہ مکانات کن کے حوالہ کئے گئے ہیں! انہو ںنے مرکزی وزیر کشن ریڈی اور بی جے پی قائد ایٹالہ راجندر پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ جو کہہ رہے ہیں کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت مکانات کی تعمیر کی گئی وہ وہیںجاکر ووٹ مانگیں جہاں مکانات کی تعمیر کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دعویٰ ہے کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہوچکی ہے جبکہ حقیقتا 2014 کے بعد کسانوں کی خودکشی میں اضافہ ہوا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اقتدار کیلئے مودی نے عوام سے جو وعدے کئے ان میں سالانہ 2کروڑ ملازمتوں کا وعدہ بھی تھا لیکن اس پر عمل اب تک نہیں ہوا ۔ کانگریس نے تلنگانہ میں اقتدار سے قبل جو وعدے کئے تھے ان میں بیشتر پر اندرون 92یوم عمل آوری ہوئی اور عوام کو فائدہ بھی پہنچنے لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے خواتین کیلئے مفت بس ‘ آروگیہ شری کے تحت علاج کی حد کو 10لاکھ کرنے کے علاوہ ملازمتوں کی فراہمی کا آغازکردیا ہے ۔ 200یونٹ مفت برقی دی جا رہی ہے ۔ 500 روپئے میں سیلنڈر بھی دیا جا رہا ہے ۔ وزراء ڈپٹی چیف منسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ سیتا اکا‘ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔3