کے سی وینو گوپال کی بطور خاص شرکت
حیدرآباد۔/5 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں حکومت اور پارٹی کی کارکردگی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر ہائی کمان نے 8 جنوری کو حیدرآباد میں پولٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ پولٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس میں حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر سینئر قائدین کی رائے حاصل کی جائے گی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال اجلاس میں بطور خاص شرکت کریں گے۔ جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ کمیٹی کے ارکان شریک ہوں گے۔ پولٹیکل افیرس کمیٹی میں جملہ 23 ارکان ہیں اور سابق میں کمیٹی کے اجلاس گرما گرم مباحث پر مبنی رہے۔ مجالس مقامی کے انتخابات اور حکومت کی جانب سے وعدوں کی تکمیل جیسے امور اجلاس کے ایجنڈہ میں شامل رہیں گے۔ اجلاس شام 6 بجے منعقد ہوگا اور ارکان کو اجلاس کی اطلاع دی جاچکی ہے۔ 1