کانگریس کی پٹرول قیمتوں میں اضافہ کیخلاف دستخطی مہم

   

رانچی : جھارکھنڈ میں کانگریس پارٹی پٹرول۔ ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی پروگرام کے تحت کل 19 جولائی کو ریاست بھر میں پٹرول پمپوں کے سامنے ستخطی مہم چلائے گی۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے جھارکھنڈ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر اور ریاست کے خزانہ اور خوراک کی فراہمی کے وزیر ڈاکٹر رامیشور اوراؤ کی ہدایت کے مطابق پارٹی کے سبھی ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی، سابق ممبر پارلیمنٹ، سابق ارکان اسمبلی اور سینئر عہدیدار اور مختلف محاذوں، پلیٹ فارموں کے لیڈر، کارکنان اپنے اپنے حلقے میں سوشل ڈسٹنسنگ اور کووڈ 19 کی رہنما ہدایات پر عمل کرتے ہوئے دستخطی مہم میں حصہ لیں گے ۔ پارتی کے ریاستی صدر نے 17 جولائی کو ریاست گیر سائیکل مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے سبھی پارٹی لیڈروں۔ کارکنان کے تئیں اظہار تشکر کیا۔ریاستی کانگریس کے ترجمان آلوک کمار دوبے نے اتوار کے روز یہاں کہا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت پر عوام کا اعتماد اب مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے ۔ پچھلے ایک سال میں جس طرح سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 67 مرتبہ اضافہ ہوا اس سے عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ پٹرول کی قیمت میں اضافے سے ہر ضروری اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں، جس سے مرکزی حکومت کے خلاف لوگوں کے غصے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے اس معاملے پر ملک گیر پروگرام چلایا جارہا ہے ، سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی عوامی شراکت سے اسے عوامی تحریک بنانے میں مصروف ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو واپس نہیں لیا جاتا ، تب تک تحریک جاری رہے گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر برقرار
نئی دہلی : اتوار کے روز ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ان دونوں ایندھنوں کی قیمتیں حسب سابق ریکارڈ سطح پر برقرار ہیں۔ہفتے کے روز گھریلو پٹرول کی قیمتوں میں 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا جس سے دارالحکومت دہلی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں اس کی قیمت نئی سطح پر آگئی ، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔جمعرات کو پٹرول 35 پیسے فی لیٹر اضافے کے ساتھ ایک نئے ریکارڈ پر پہنچ گیا اور ڈیزل 15 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا۔دہلی میں ہفتے کے روز اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 101.84 روپے اور ممبئی میں یہ 107.83 روپے فی لیٹر تھی۔ ملک کی سرخیل آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اتوار کے روز پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنا پر روزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتوں پر عمل درآمد ہوتا ہے ۔