حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس امیدواروں کی پہلی فہرست میں تمام طبقات کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 55 امیدواروں میں بی سی12، جنرل 26 اور اقلیتوں کے 3 امیدوار شامل ہیں۔ بی سی طبقات کو 12 نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسری فہرست میں بی سی طبقات کو مزید نمائندگی حاصل ہوگی۔ بی سی طبقات کو کے سی آر نے جتنی نشستیں دی ہیں اس سے 4 نشستیں زیادہ کانگریس الاٹ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ سے محروم قائدین کو حوصلہ شکن ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ متحدہ طور پر کانگریس کو برسراقتدار لانے کیلئے مساعی کرنی چاہیئے۔ گذشتہ دس برسوں میں کانگریس کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور انہیں ہراساں کیا گیا باوجود اس کے انہوں نے پارٹی پرچم نہیں چھوڑا۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات شفاف طریقہ سے منعقد کرنے میں ناکام افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں لاکھوں امیدواروں کا مستقبل تاریک ہوچکا ہے۔