کانگریس کی کارکردگی سے بی جے پی میں بوکھلاہٹ:گہلوت

   

جے پور راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر ریاست کی کانگریس حکومت کو جھوٹ بول کر بدنام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں اور اس کے کاموں سے ریاست میں پیدا ہونے والے ماحول سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ گہلوت نے ہفتہ کے روز اپنی رہائش گاہ پر قانون ساز اسمبلی میں کم از کم آمدنی کی گارنٹی بل منظورہونے اور راجستھان کے سماجی تحفظ کے لیے ایسا قانون نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست بننے کے موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ریاست کی کانگریس حکومت عوام کی فلاح کے لئے ایک کے بعد ایک تاریخی اسکیمیں لا کر اپنا چھاپ چھوڑ رہی ہے اور ریاست میں جو ماحول بنایا گیا ہے اس سے بی جے پی کے لوگ بوکھلا گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سمیت بی جے پی لیڈران بار بار راجستھان آ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔