کانگریس کی کامیابی سے محبوب نگر کی مزید ترقی ہوگی

   

سینئر قائد محمد ذاکر معین الدین کی گھر گھر انتخابی مہم، عوام سے ملاقات
محبوب نگر۔ 5 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ڈیویژن نمبر 50 سے کانگریس کے سینئر قائد محمد ذاکر معین الدین کو کانگریس نے امیدوار بنایا ہے۔ اپنے نام کا اعلان ہوتے ہی انہوں نے ڈیویژن میں گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات شروع کردی ہے۔ عوام انہیں اپنی تائید کا یقین دلا رہے ہیں۔ انہوں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ وہ 30 برس سے کانگریس سے وابستہ ہیں۔ کوئی عوامی عہدہ نہ رکھتے ہوئے بھی کئی ایک عوامی مسائل کو حل کروایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کارپوریٹر منتخب ہونے کے بعد وہ گھر گھر کے مسائل سے واقفیت حاصل کرکے سرکاری فلاحی اسکیموں سے ہر خاندان کو استفادہ کیلئے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی بھی شہر کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کے ساتھ مصروف ہیں۔ ایسے میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی شہر میں ترقی کو نئی سمت دے گی۔