ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور 2 وزراء کا دورہ کھمم، اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کا تیقن
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ ڈپٹی چیف منسٹر اور 2 ریاستی وزراء کھمم ضلع پہنچے جہاں ان کا عوام اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ کھمم ضلع کی 10 اسمبلی نشستوں میں کانگریس کو 9 نشستوں پر کامیابی ملی جبکہ کانگریس کی تائید سے سی پی آئی نے کتہ گوڑم کی نشست پر قبضہ کیا۔ اس طرح کھمم ضلع سے بی آر ایس کا صفایا ہوگیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ اور پی سرینواس ریڈی نے اعلان کیا کہ آئندہ 100 دنوں میں حکومت 6 ضمانتوں پر عمل کرے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ سونیا گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا تھا ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے باقی ضمانتوں پر 100 دن میں عمل آوری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تشکیل حکومت کے صرف دو دن میں 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے جن میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک کا مفت علاج شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں خواتین میں خوشی کا ماحول ہے کیونکہ مفت سفر کی سہولت سے غریب اور متوسط طبقات کو راحت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اندراماں راج کی واپسی ہوگئی جس میں سماج کے ہر شعبہ کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع کو گوداوری کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے صحافیوں کو امکنہ اراضی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ عوام کے آشیرواد سے کانگریس برسراقتدار آئی ہے اور عوام کے سی آر کے دس سالہ دور حکومت سے ناانصافیوں کا شکار تھے۔ بی آر ایس نے تلنگانہ کو قرض میں ڈبو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی بھلائی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر مال کی حیثیت سے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کا وعدہ کیا گیا۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ کھمم میں مسلمانوں نے کانگریس کا بھرپور ساتھ دیا ہے اس کے لئے وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ اوقافی جائیدادوں پر قبضہ جات کو برخواست کیا جائے گا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کھمم ضلع کی جامع ترقی ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ سرینواس ریڈی جو وزیر مال ہیں عوام کو تیقن دیا کہ کھمم کو ناجائز قبضوں سے پاک بنایا جائے گا، تمام طبقات کی یکساں ترقی ہوگی۔ تینوں وزراء نے شہیدان تلنگانہ کی یادگار پہنچ کر خراج پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو امکنہ اراضی الاٹ کرنے کا وعدہ کیا ہے جس پر بہر صورت عمل کیا جائے گا۔
