کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا راجوری پہنچی

   

جموں: جموں وکشمیر کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا راجوری پہنچی جس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کانگریس لیڈروں کا استقبال کیا۔ پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے اس موقع پر کہا کہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آیا ہوا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا منگل کے روز راجوری پہنچی ۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب کے دوران پردیش کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے کہاکہ راہول گاندھی نے کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا نکالی جس میں کروڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے پورے ملک میں ذات پات اور ہندو مسلم کے نام پر نفرت کا ماحول قائم کیا ہے اور راہل گاندھی نے نفرت کی دیواروں کو گرنے کی خاطر بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا۔