پولیس اجازت کے لیے کمشنر اور ڈی جی پی کو درخواست
حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر 28 ڈسمبر کو حیدرآباد میں ریالی منظم کی جائے گی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ریالی کی کامیابی کے لیے سینئر قائدین کو ذمہ داری دی ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس سے اجازت حاصل کرنے کی ذمہ داری سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کو دی گئی۔ دیش بچائو، دستور بچائو کے نعرے کے تحت گاندھی بھون سے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر مجسمہ لوور ٹینک بنڈ تک ریالی منظم کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ ریالی براہ نام پلی، نظام کالج اور بشیرباغ فلائی اوور سے لوور ٹینک بنڈ پہنچے گی۔ ملک کے موجودہ حالات، شہریت قانون، این آر سی اور دیگر متنازعہ فیصلوں کے خلاف یہ ریالی منظم کی جارہی ہے۔ اتم کمار ریڈی کے مطابق صدر سٹی کانگریس انجن کمار یادو کو شہر میں انتظامات کی ذمہ داری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی یوم تاسیس کے موقع پر یہ ریالی عوام میں دستور کے بارے میں شعور بیدار کرے گی۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی آر سی کنتیا کے علاوہ پارٹی کے تمام سینئر قائدین ریالی میں شرکت کریں گے۔ اسی دوران بھٹی وکرامارکا نے ڈائرکٹر جنرل پولیس ایم مہیندر ریڈی اور کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریالی کی اجازت دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی سی صدر، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر اہم قائدین ریالی میں شرکت کریں گے۔ ریالی کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس قائدین متحرک ہوچکے ہیں۔ بلدی انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے بعد پارٹی نے کیڈر کو متحد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے پہلے قدم کے طور پر 28 ڈسمبر کی ریالی کو کامیاب کیا جائے گا۔ شہر اور اطراف کے اضلاع سے پارٹی کارکنوں کو ریالی میں شرکت کی ترغیب دی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کی جانب سے ریالی کی اجازت کے امکانات موہوم ہیں۔