پونم پربھاکر ، مال ریڈی رنگا ریڈی، وجیا ریڈی ، چنا ریڈی ، راج گوپال ریڈی ، ناگیشور راؤ اور سرینواس ریڈی کو پارٹی ٹکٹ، مزید 15 امیدواروں کا عنقریب اعلان
حیدرآباد ۔27۔اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کیلئے 45 امیدواروں کی دوسری فہرست جاری کردی ہے۔ نئی دہلی میں سنٹرل الیکشن کمیٹی نے مسلسل دو دن تک وسیع تر مشاورت کے بعد 45 امیدواروں کے ناموں کو منظوری دی ہے۔ دوسری فہرست میں کئی اہم حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے بعض اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے سلسلہ میں مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت باقی 19 اسمبلی حلقہ جات کے امیدواروں کے ناموں کا اندرون دو یوم اعلان کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے مشاورت کے بعد تیسری اور آخری فہرست جاری کی جائے گی جس میں خود ریونت ریڈی کے حلقہ جات شامل رہیں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے دوسری فہرست جاری کی جس میں جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ سے محمد اظہرالدین کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ دیگر اہم حلقہ جات میں ایل بی نگر سے مدھو یاشکی گوڑ، مہیشورم سے کے لکشما ریڈی ، راجندر نگر سے کے نریندر ، عنبر پیٹ سے روہن ریڈی ، خیریت آباد سے شریمتی پی وجیا ریڈی اور سکندرآباد کنٹونمنٹ سے ڈاکٹر جی وی ونیلا کو پارٹی نے ٹکٹ دیا ہے۔ تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نظام آباد سے تعلق کے باوجود ایل بی نگر سے مقابلہ کریں گے۔ ان کے بھائی وشنو وردھن ریڈی حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے دعویدار تھے لیکن ہائی کمان نے محمد اظہرالدین کو امیدوار بنایا ہے۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ سے انقلابی شاعر غدر کی دختر مس ڈاکٹر جی وی ونیلا کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے اسمبلی حلقہ جات گجویل اور کاما ریڈی کے علاوہ کے ٹی آر کے حلقہ سرسلہ سے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان ابھی باقی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی کوڑنگل کے علاوہ کاما ریڈی حلقہ سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ پارٹی نے نظام آباد اربن کے امیدوار کا ابھی اعلان نہیں کیا ہے ، جہاں سے سابق وزیر محمد علی شیبر کے نام کو قطعیت دینے کی اطلاعات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تیسری اور آخری فہرست میں اہم امیدواروں کے نام شامل رہیں گے۔ پارٹی کے دیگر امیدواروں میں روی سرینواس (سرپور) ، اجمیرا شیام (آصف آباد) ، وی بھجو (خانہ پور) ، کے سرینواس ریڈی (عادل آباد)، وی اشوک (بوتھ) ، نارائن راؤ پٹیل (مدھول) ، کے مدن موہن راؤ (ایلا ریڈی) ، ڈاکٹر آر بھوپتی ریڈی (نظام آباد رورل) ، جے نرسنگ راؤ (کورٹلہ) ، ایم ستیم (چپادنڈی) ، وی پرانو (حضور آباد) ، پونم پربھاکر (حسن آباد) ، پی ہری کرشنا (سدی پیٹ) ، اے راجی ریڈی (نرسا پور) ، سرینواس ریڈی (دوباک) ، بی رمیش (کوکٹ پلی)، بی منوہر ریڈی (تانڈور) ، جگدیشور گوڑ (شیر لنگم پلی) ، ڈاکٹر پی سی ریڈی (نارائن پیٹ) ، وائی سرینواس ریڈی (محبوب نگر) ، جے انیرودھ ریڈی (جڑچرلہ) ، جی مدھو سدن ریڈی (دیورکدرا) ، وی سری ہری (مکتھل)، جی چنا ریڈی (ونپرتی) ، این بالو نائک (دیور کنڈہ) ،کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی (منو گوڑ) ، کے انیل کمار ریڈی (بھونگیر) ، کے پرتاپ ریڈی (جنگاؤں) ، ڈاکٹر مرلی نائک (محبوب آباد) ، آر پرکاش ریڈی (پرکال) ، این راجندر ریڈی (ورنگل ویسٹ) ، شریمتی کونڈا سریکھا (ورنگل ایسٹ) ، کے آر ناگاراجو (وردھنا پیٹ)، پی وینکٹیشورلو (پیناپاکا) ، پی ناگیشور راؤ (کھمم) اور پی سرینواس ریڈی (پالیرو) شامل ہیں۔ پارٹی نے بی آر ایس اور بی جے پی سے شمولیت اختیار کرنے والے جن قائدین کو امیدوار بنایا ہے ، ان میں کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، تملا ناگیشور راؤ ، پی سرینواس ریڈی اور پی وجیا ریڈی شامل ہیں۔
اسی دوران پارٹی ذرائع نے بتایا کہ باقی نشستوں کے امیدواروں کے بارے میں راہول گاندھی کی سطح پر دوبارہ مشاورت ہوگی۔ اسی دوران اسکریننگ کمیٹی کے صدرنشین مرلیدھرن نے بتایا کہ پارٹی نے تمام طبقات کو نمائندگی دی ہے۔ بائیں بازو جماعتوں کو چار نشستیں الاٹ کی جارہی ہیں جن کا بعد میں اعلان کیا جائے گا ۔ 19 میں کانگریس مزید 15 نشستوں کیلئے امیدواروں کا اعلان کرے گی جبکہ سی پی آئی کو 2 اور سی پی ایم کو دو نشستیں الاٹ کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم ، نلگنڈہ ، محبوب نگر اور نظام آباد کی بعض نشستوں پر ہائی کمان کو قطعی فیصلہ کرنا باقی ہے۔پارٹی نے دوسری فہرست میں صرف ایک مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا ہے جو جوبلی ہلز سے محمد اظہرالدین ہیں۔ پہلی فہرست میں فیروز خاں، عثمان الہاجری اور شیخ اکبر کو علی الترتیب نامپلی ، کاروان اورملک پیٹ سے امیدوار بنایا گیا۔ پرانے شہر کے چارمینار اسمبلی حلقہ سے امیدوار کے نام کا اعلان ابھی باقی ہے۔