کانگریس کی 5 ویں ضمانت ’ اندرماں اندولو ‘ کا آج آغاز

   

مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کی امداد ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی بھدرا چلم میںآغاز کرینگے
حیدرآباد10مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ میں اقتدار پانے کے بعد 11 مارچ کو انتخابات سے قبل کے 6 وعدوں میں 5ویں ضمانت کا آغاز کریں گے۔ چیف منسٹر بھدراچلم میں 5ویں ضمانت ’اندراماں اندلو‘ پر عمل کا آغاز کرینگے ۔ اسکیم کے ذریعہ پلاٹ مالک درخواست گذاروں کو حکومت سے 5لاکھ روپئے دئے جائیں گے جبکہ جن کے پاس کوئی زمین نہیں ہے انہیں مکان کی فراہمی عمل میں لائی جائیگی۔ منصوبہ کے مطابق حکومت ہر حلقہ اسمبلی میں 3500 مکانات کی فراہمی کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اس اسکیم میں شفافیت کیلئے حکومت نے متعلقہ عہدیداروں کو سخت رہنما خطوط تیار کرنے کے علاوہ ہر ضلع میں کلکٹر کو اسکیم کی ذمہ داری تفویض کرنے ہدایات دی ہیں۔ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ ہی پہلی ضمانت مہالکشمی میں خواتین کیلئے مفت بس کی سہولت کے علاوہ آروگیہ شری کے تحت علاج کی رقم کو 5لاکھ سے بڑھا کر 10لاکھ تک کردیا تھا ۔اس کے بعد 200 یونٹ تک مفت برقی اسکیم کے آغاز کے علاوہ 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر کی اسکیم پر عمل کا آغاز کردیا ہے۔ ان ضمانتوں پر عمل کے بعد اب بھدراچلم میں ’اندراماں اندلو‘ امکنہ اسکیم کا آغاز کیا جائیگا اور حکومت سے تلنگانہ کے 119 حلقہ جات اسمبلی میں امکنہ جات کی فراہمی کے اقدامات کا آغاز کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے پرجا پالانا درخواستوں کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کی ہدایات دی اور کہا کہ امکنہ اسکیم پر عمل میں ان درخواستوں کو ترجیح دی جائے اور تنقیح کے ذریعہ استفادہ کنندگان کو امکنہ جات کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ مستحقین کو اسکیم کے فوائد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس میں بدعنوانیوں کی کوئی گنجائش نہ رہے۔3