کانگریس کی 6 ضمانتوں سے پرانے شہر کے 85 فیصد عوام کو فائدہ کی امید

   

چارمینار اسمبلی حلقہ میں کانگریس قومی قائد ڈیسوزا کی پدیاترا، اولڈ سٹی ڈیکلریشن کی عنقریب اجرائی

حیدرآباد۔/19ستمبر، ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی مہیلا کانگریس کی صدر ایم ڈیسوزا نے چارمینار اسمبلی حلقہ میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ اور مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سنیتا راؤ کے ہمراہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی گئی اور پدیاترا کا اہتمام کیا گیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر قومی قائدین نے اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ خواتین کی جانب سے صدر مہیلا کانگریس کا خیرمقدم کیا گیا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 تیقنات سے پرانے شہر کے 85 فیصد عوام کو فائدہ ہوگا۔ مہا لکشمی، رعیتو بھروسہ، گروہا جیوتی، اندراماں انڈلو، یووا وکاسم اور چیوتا اسکیمات سے لاکھوں غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہا لکشمی اسکیم کے تحت غریب خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے پنشن دیا جائے گا۔ پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا جبکہ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو فصلوں پر فی ایکر 15 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ گروہا جیوتی اسکیم کے تحت 200 یونٹ برقی مفت سربراہ کی جائے گی اور یہ اسکیم تمام طبقات کیلئے ہوگی۔ پرانے شہر میں اس اسکیم سے ہر گھر کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 4 ہزار روپئے ماہانہ پنشن اور نوجوانوں کیلئے 5 لاکھ روپئے تک تعلیمی اخراجات کی تکمیل کا وعدہ کیا گیا ہے۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں کانگریس کی ضمانتوں پر مبنی پمفلیٹس تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب پرانے شہر سے متعلق کانگریس کا اولڈ سٹی ڈیکلریشن جاری کیا جائے گا جو پرانے شہر کے عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کا احاطہ کرے گا۔