تلنگانہ ریاست کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 9 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ 100 دن میں کانگریس کی 6 گیارنٹی پر عمل کیا جائے گا۔ سونیا گاندھی نے حکومت تشکیل دینے پر اندرون 100 یوم 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا جلسہ عام کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام سے وعدہ کیا تھا، جس پر کانگریس پارٹی قائم اور اٹل ہے۔ 7 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت تشکیل پائی ہے۔ صرف 2 دن میں 2 گیارنٹی خواتین کو بسوں میں مفت سفر اور راجیو آروگیہ شری اسکیم کی امدادی رقم کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردینے کے وعدے کو پورا کردیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی حکمرانی کی شروعات ہوگئی ہے اور عوام سے کئے گئے دو وعدوں کو پورا کیا گیا۔ مزید 6 گیارنٹی کو اندرون 100 یوم پورا کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست کے عوام کو کانگریس سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں۔ انہیں پورا کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم ہماری ذمہ داری ٹیم ورک سے نبھائیں گے۔ ریاست کو تیز رفتار ترقی دیتے ہوئے تلنگانہ کو فلاحی ریاست میں تبدیل کردیں گے۔ عوام کیلئے جوابدہ حکومت پیش کریں گے۔ اسمبلی احاطہ میں مہالکشمی اسکیم کا افتتاح کرنے کے بعد چیف منسٹر نے وزراء کے ساتھ آر ٹی سی بس میں ٹینک بینڈ تک سفر کیا اور 10 روپئے کا ٹکٹ بھی لیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹرریونت ریڈی نے وزراء میں قلمدانوں کی تقسیم کے بعد انہیں اپنے اپنے محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا جائزہ لیتے ہوئے ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کرنے اور عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں، انہیں پورا کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا ہے۔ن
