گاندھی بھون میں 4 اضلاع کے قائدین کا اجلاس، صدر سنیتا راؤ کا خطاب
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ مہیلا کانگریس کے 4 اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین کا اجلاس گاندھی بھون میں ریاستی صدر سنیتا راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ حیدرآباد، خیریت آباد، سکندرآباد اور رنگاریڈی اضلاع سے تعلق رکھنے والی مہیلا کانگریس قائدین نے شرکت کی اور اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر غور کیا۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ عوام کیلئے جن 6 ضمانتوں کا اعلان کیا ہے اُسے گھر گھر پہونچانے کی ذمہ داری مہیلا کانگریس قائدین اور کارکنوں کو قبول کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کی 6 ضمانتوں میں سماج کے تمام طبقات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو مناسب نمائندگی دی ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اسمبلی انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم میں خواتین کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ خواتین تحفظات بل کی منظوری کانگریس پارٹی کا کارنامہ ہے۔ کانگریس کے دباؤ کے تحت مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں بِل کو منظوری دی۔ سنیتا راؤ نے کہاکہ بی آر ایس حکومت نے خواتین اور سماج کے دیگر طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ مہیلا کانگریس قائدین اور کارکنوں کو گھر گھر پہونچ کر سونیا گاندھی کا پیام پہنچانا چاہئے۔