این ایس یو آئی قائد بی وینکٹ پر حملہ کی مذمت کی ، پیگا سیس کے معاملے میں مودی اور کے سی آر ایک ہی سکہ کے دو رخ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے ٹیلی فون ٹیاپنگ کے خلاف کانگریس کے منظم کردہ احتجاج کو کامیاب قرار دیا اور پولیس کی جانب سے کانگریس طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ پر کئے گئے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پیگا سیس کے معاملے میں نریندر مودی اور کے سی آر کو ایک ہی سکہ کے دو رخ قرار دیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومتیں عوامی خدمات انجام دینے کے بجائے اپوزیشن قائدین ، صحافیوں ، جہدکاروں اور صنعتکاروں کے ٹیلی فون ٹیاپنگ کرنے پر زیادہ توجہ دے رہی ہے ۔ عوام نے مرکز میں مودی کو اور تلنگانہ میں کے سی آر کو اقتدار حوالے کیا ۔ دونوں ہی قائدین عوامی توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ انہیں خود پر بھروسہ نہیں ہے اس لیے وہ دوسروں پر نظریں رکھے ہوئے ہیں ۔ کانگریس کے قائد راہول گاندھی کا ٹیلی فون ٹیاپنگ کرانے کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج سارے ملک میں احتجاجی پروگرام منظم کیا ۔ حیدرآباد میں کانگریس نے اندرا پارک سے راج بھون تک پرامن احتجاجی پروگرام کا اہتمام کیا تھا لیکن پولیس نے پرامن احتجاج کرنے والے قائدین کو گرفتار کرلیا جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ احتجاج کے دوران کانگریس طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کے ریاستی صدر بی وینکٹ پر پولیس نے حملہ کردیا ۔ جس سے ان کی پھسلی میں فیکچر آگیا ہے ۔ وہ اس کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اس رویے سے کانگریس کے ارکان ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔ وہ مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیگاسیس جاسوسی کا سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کرائی جائے قصور واروں کو منظر عام پر لانے تک کانگریس پارٹی احتجاج کرتے رہے گی ۔۔