امدادی رقم کی تقسیم میں دھاندلیاں، کمشنر بلدیہ سے فیروز خاں کی نمائندگی
حیدرآباد: حلقہ اسمبلی نامپلی کے احمد نگر علاقہ میں سیلاب کے متاثرین میں ریلیف کی تقسیم کے موقع پر مقامی کانگریس کارکن پر حملے کے سلسلہ میں مقامی رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے خلاف ہمایوں نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کانگریس کے لیڈر و نامپلی انچارج فیروز خاں نے اس واقعہ کے خلاف احتجاج منظم کرتے ہوئے رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ پولیس نے جعفر حسین معراج کے علاوہ صادق ، افضل اور دوسروں کے خلاف دفعات 324 ، 506 اور 149 آئی پی سی کے تحت کرائم نمبر 235/2020 مقدمہ درج کیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے کہا کہ احمد نگر اور دیگر علاقوں کے 11,000 متاثرین کی فہرست متعلقہ ڈپٹی کمشنر بلدیہ کے حوالے کی گئی تھی۔ ڈپٹی کمشنر نے 2000 متاثرین کیلئے امداد کی منظوری دی اور احمد نگر کے علاقہ میں مقامی ڈیویژن صدر مسعود احمد بلدی عہدیداروں کے ساتھ امدادی رقم کی تقسیم میں مصروف تھے۔ رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں نے پہنچ کر حملہ کردیا ۔ فیروز خاں نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 550 کروڑ روپئے جاری کئے گئے لیکن ٹی آر ایس اور مجلس کے قائدین گریٹر بلدیہ انتخابات میں سیاسی فائدہ کے لئے اس رقم کا استعمال کر رہے ہیں۔ حکومت کی یہ رقم پارٹی کی جانب سے ظاہر کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس کے حامیوں کو رقم حوالے کی گئی جبکہ حقیقی متاثرین امداد سے محروم رہے۔ انہوں نے نقد رقم کے بجائے متاثرین کے بینک اکاؤنٹ میں رقم کی منتقلی کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے کہا کہ مجلسی قائدین امدادی رقم کی تقسیم کے معاملہ میں غنڈہ گردی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کئی مقامات پر متاثرین سے کمیشن حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوام ٹی آر ایس اور مجلس کو سبق سکھائیں گے ۔