حیدرآباد ۔16۔ مارچ (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پارٹی کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کے استحکام کے لئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے ۔ پارٹی کیڈر چاہتا ہے کہ وہ راہول گاندھی کی قیادت میں کام کرے تاکہ ملک بھر میں پارٹی مستحکم ہو۔ لہذا راہول گاندھی کو کانگریس کے احیاء کیلئے پارٹی کی قیادت قبول کرنی چاہئے ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ 6 مارچ کو راہول گاندھی کے بیان سے ملک بھر کے پارٹی کیڈر میں الجھن پیدا ہوئی ہے ۔ عظیم تاریخ رکھنے والی قومی جماعت کے قائد کی حیثیت سے آپ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ نہ صرف پارٹی کی قیادت بلکہ ملک کو فرقہ پرست طاقتوں سے بچانا آپ کی ذمہ داری ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انتخابات میں جیت اور ہار معمول کی بات ہے۔ آنجہانی اندرا گاندھی بھی انتخابات ہار چکی تھیں ، تاہم بعد میں بھاری اکثریت سے انہوں نے واپسی کی ۔ راجیو گاندھی بھی الیکشن ہار گئے لیکن پھر کامیاب رہے۔ ہمیں دلبرداشتہ ہونے کے بجائے مستقبل کے چیلنج کے مقابلہ کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگر قیادت مضبوط رہی تو پاری اور کیڈر بھی مضبوط ہوگا۔ پارٹی مضبوط رہے تو حلیف جماعتیں بھی قابو میں رہتی ہے۔ ملک میں بی جے پی اور دیگر فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کیلئے تمام سیکولر جماعتوں میں اتحاد ضروری ہے۔ آپ پر پارٹی کی قیادت کے ساتھ ساتھ کیڈر اور ہم خیال جماعتوں کا اعتماد جیتنے کی ذمہ داری ہے۔