کانگریس کے اقتدار کیلئے عوام صرف 12 ماہ انتظار کریں : ریونت ریڈی

   

2 لاکھ تقررات کئے جائیںگے ، کابینہ میں 4 خواتین کو نمائندگی، بدعنوان ٹی آر ایس حکومت کا زوال یقینی
حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے نوجوانوں کو بھروسہ دلایا ہے کہ تلنگانہ میں پارٹی برسراقتدار آتے ہی 2 لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے جبکہ کابینہ میں 4 خاتون وزراء کو شامل کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی نے آج ناگر کرنول ضلع کے کولا پور میں پارٹی کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کو تلنگانہ میں اقتدار کا ایک موقع دیں تاکہ کے سی آر کی بدعنوان حکومت سے نجات دلائی جاسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی ناراضگی سے خوفزدہ ہوکر کے سی آر وسط مدتی انتخابات کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ڈسمبر کے بعد کسی بھی وقت اسمبلی تحلیل کردی جائیگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہر کارکن ایک اضافی ووٹ حاصل کرکے کانگریس اقتدار کو یقینی بناسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولا پور کے جلسہ میں عوام کی تعداد چیف منسٹر کے ونپرتی جلسہ سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 33 اضلاع کے 119 اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرکے کانگریس کارکنوں اور عوام سے ملاقات کرینگے۔ گزشتہ 8 برسوں میں کے سی آر نے عوامی وعدوں کی تکمیل پر توجہ نہیں دی صرف بدعنوانیوں کے ذریعہ دوبارہ اقتدار چاہتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ناگر کرنول کی تمام نشستوں پر کانگریس کا قبضہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر درج فہرست اقوام کی درجہ بندی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا اعلان محض دھوکہ ہے۔ سیاسی فائدہ کیلئے کے سی آر نے یہ اعلانات کئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو گمراہ کیا جاسکے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 12 ماہ تک عوام کو صبر کرنا چاہیئے جس کے بعد کانگریس برسراقتدار آئے گی اور ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دورکا آغاز ہوگا۔ر