کانگریس کے انچارج مانکیم ٹیگور کا آج سے4 روزہ دورہ

   

محبوب نگر اور نظام آباد پارلیمانی حلقوں کا جائزہ اور پولیٹیکل افیرس کمیٹی اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔29 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ پردیش کانگریس مانکیم ٹیگور ایم پی چار روزہ دورہ پر کل 30 اکتوبر کو حیدرآباد پہنچیں گے ۔ مانکیم ٹیگور ہفتہ کی شام نئی دہلی سے حیدرآباد پہنچنے کے بعد گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس ، سی ایل پی لیڈر، ورکنگ پریسیڈنٹس ، نائب صدور اور اے آئی سی سی کمیٹیوں کے صدورنشین سے ملاقات کریں گے ۔ مانکیم ٹیگور 31 اکتوبر کو محبوب نگر کا دورہ کریں گے اور ضلع کے قائدین اور پارٹی کیڈر سے ملاقات کریں گے ۔ وہ محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کے جائزہ اجلاس میں حصہ لیں گے جس میں ضلع کانگریس کمیٹی کے علاوہ منڈل اور بلاک سطح کے قائدین اور محاذی تنظیموں کے نمائندے حصہ لیں گے ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری یکم نومبر کو گاندھی بھون میں کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح کریں گے۔ ڈیجیٹل ممبرشپ مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ وہ گاندھی بھون میں ضلع کانگریس اور سٹی کانگریس صدور سے ملاقات کریں گے۔ 2 نومبر کو مانکیم ٹیگور نظام آباد کا دورہ کریں گے اور نظام آباد پارلیمانی حلقہ کا جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ ضلع کے قائدین اور کیڈر سے ملاقات کے بعد وہ حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ 3 نومبر کو گاندھی بھون میں صبح 10 بجے پولیٹیکل افیرس کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے اور اسی دن شام میں تروچیرا پلی روانہ ہوجائیں گے۔ ر