کونسل انتخابات کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی، انٹر نتائج دھاندلیوں کا جائزہ
حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے اہم قائدین کا اجلاس کل 11 مئی کو صبح 9:30 بجے گاندھی بھون میں منعقد ہوگا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کے علاوہ دیگر مرکزی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، کارگزار صدور، سابق صدور پردیش کانگریس، سابق مرکزی وزیر، سابق وزراء، سابق ارکان اسمبلی و کونسل اور ضلع کانگریس صدور اجلاس میں شرکت کریں گے۔ مجالس مقامی کی 3 ایم ایل سی نشستوں کے لیے انتخابات کے مسئلہ پر پارٹی حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں پارٹی امیدواروں کے ناموں پر بھی غور ہوگا۔ حکومت نے عجلت میں 3 نشستوں کے لیے انتخابی اعلامیہ جاری کردیا جبکہ کانگریس نے الیکشن کمیشن سے انتخابی اعلامیہ کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائدین اندرا پارک پر کل جماعتی احتجاج میں شرکت کریں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عوام، طلبہ اور ان کے سپرستوں سے اپیل کی ہے کہ اندرا پارک پر کل جماعتی احتجاج میں حصہ لیں۔ انہوں نے حیدرآباد اور متحدہ رنگاریڈی اضلاع کے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ انٹر نتائج میں بے قاعدگیوں سے 26 سے زائد طلبہ کی قیمتی جان ضائع ہوگئی۔ لیکن حکومت نے آج تک خاطیوں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ کے ٹی راما رائو کے گلوبرینا کمپنی سے قریبی روابط ہیں جس کے سبب کمپنی کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے۔