نئی دہلی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو کہا کہ رافیل سودے بازی میں نت نئے انکشافات کے باعث مودی کا سارا نشہ کافور ہوگیا اور انہوں نے زور دیا کہ کانگریس بی جے پی کے خلاف نظریاتی جنگ جیت رہی ہے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی جنرل باڈی میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ رافیل معاملت دراصل ہندوستانی دفاع کی باضابطہ لوٹ ہے۔ نہ صرف لڑاکا طیارے کی معاملت بلکہ مودی کے دور میں ہوئی ہر قسم کی معاملت کا بھی یہی حشر ہوا ہے۔ ہر معاملت میں طریقہ کار کو بالائے طاق رکھ کر صرف ایک شخص واحد کو سونپ دیا جاتا ہے۔ اس میٹنگ میں سابق وزیراعظم منموہن سنگھ لوک سبھا کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے اور راجیہ سبھا اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے شرکت کی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہندو اخبار کے انکشاف کے بعد اس ساری سودے بازی پر کئی نئے سوال اٹھ کھڑے ہیں حالانکہ اس معاملت کو ایک نئے سرے سے طے کرنی تھی جو نہ صرف سستی ہو بلکہ موثر اور فوری ہو۔ راہول گاندھی نے کانگریس قائدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ وزیراعظم کے ایک ایک قدم سے اندازہ لگاسکتے ہیں کہ وہ کس طرح سے پریشان ہیں اور ان کی پریشانیاں ان کے چہرے سے عیاں ہے اور ان کے چہرے کی کشش رفو چکر ہوگئی ہے اور ان تمام کارناموں کا باعث نہ صرف کانگریس بلکہ پارٹی ورکرز ہیں اور کانگریس پارٹی وہ واحد ہندوستان کی پارٹی ہے جو مکمل ہندوستان کی ترجمان ہے جبکہ دوسرے علاقائی پارٹیاں صرف ان کے اپنے حلقے کی ترجمان ہیں۔