کانگریس کے تنظیمی استحکام پر توجہ مبذول کرنے قائدین کو میناکشی نٹراجن کا مشورہ

   

گاندھی بھون میں ریاستی مبصرین کا اجلاس، جئے سمویدھان مہم کے تحت مختلف مراحل میں پروگراموں کا فیصلہ
حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ضلعی سطح پر کانگریس پارٹی کے استحکام کے لیے اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن نے ضلع کانگریس صدور کے تقررات پر توجہ مرکوز کی ہے۔ گاندھی بھون میں پارٹی کے ریاستی مبصرین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں بنیادی سطح پر کانگریس کے استحکام کا جائزہ لیا گیا۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن کے علاوہ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی سکریٹری وشنوناتھ، اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھن، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی، رکن قانون ساز کونسل عامر علی خان اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک عظیم تاریخ کی حامل ہے۔ جنگ آزادی میں کانگریس نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی اور آزادی کے بعد ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قومی نظریہ کی حامل پارٹی ہے اور ملک میں دستور، جمہوریت اور سکیورلزم کے تحفظ کے لیے کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے استحکام کے علاوہ بنیادی سطح پر کانگریس کے نظریات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ گجرات سیشن میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے جو فیصلے کئے ان پر عمل آوری کی جائے۔ تلنگانہ حکومت کے فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات اور ایس سی زمرہ بندی سے متعلق تاریخی فیصلے کئے گئے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات نہیں ہیں۔ میناکشی نٹراجن نے کارکنوں اور قائدین سے کہا کہ وہ حکومت کی اسکیمات کو عوام تک پہنچائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو فائدہ ہو۔ حکومت کے مشیر بی نریندر ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے برسر اقتدار آنے میں کارکنوں کا اہم رول ہے۔ کارکنوں کی محنت اور ان کی قربانیوں کے نتیجہ میں کانگریس تلنگانہ میں برسر اقتدار آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی اسکیمات کے ذریعہ تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے قائدین سے اپیل کی کہ وہ مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریاں کریں جن کا عنقریب انعقاد عمل میں آئے گا۔ وارڈ ممبر سے ضلع پریشد چیرمین، کونسلر سے میئر تک تمام عہدوں پر کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تنظیم جدید کے ذریعہ پارٹی کو متحرک کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں کی سطح سے ضلع کی سطح تک پروگراموں کے انعقاد کے لیے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 25 تا 30 اپریل ضلع سطح پر پروگرامس منعقد کئے جائیں گے جس میں بلاک سطح کے صدور، منڈل صدور، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ دوسرے مرحلہ میں اسمبلی اور بلاک سطح پر اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ تیسرے مرحلہ میں منڈل سطح پر اجلاسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے دستور اور جمہوریت بچائو کے تحت پارٹی پروگراموں کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمویدھان پروگرام کو ریاست بھر میں کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 1