17 ستمبر جلسہ عام اور 5 ضمانتوں کی اجرائی
18 ستمبر اسمبلی حلقہ جات میں اجلاس
حیدرآباد ۔14۔ ستمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 16 تا 18 ستمبر حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس ، جلسہ عام اور عوام سے ملاقات کے پروگراموں کو قطعیت دے دی ہے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی امور کے سی وینو گوپال نے پردیش کانگریس کمیٹی کو تین روزہ پروگرام کے شیڈول سے واقف کرایا۔ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس 16 ستمبر کو 2 بجے دن منعقد ہوگا ۔ اس سے قبل ایک بجے دن لنچ کا اہتمام رہے گا۔ 17 ستمبر کو صبح 10.30 بجے ورکنگ کمیٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا جس میں ورکنگ کمیٹی کے ارکان ، پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدور ، اسمبلی اور کونسل کے لیڈرس اور کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور تمام قومی قائدین حیدرآباد میں موجود رہیں گے۔ شام 5 بجے شہر کے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ میں وجئے بھیری جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں سونیا گاندھی پانچ ضمانتوں کا اعلان کریں گی ۔ جلسہ عام کے بعد قومی قائدین کو اسمبلی حلقہ جات روانہ کیا جائے گا جہاں وہ رات میں قیام کریں گے۔ 18 ستمبر کی صبح تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں کارکنوں کے اجلاس منعقد ہوں گے اور گھر گھر پہنچ کر کانگریس کی پانچ ضمانتوں اور بی آر ایس حکومت کے خلاف چارج شیٹ پیش کی جائے گی۔ دوپہر میں کمیونٹی لنچ کا اہتمام کیا جائے گا۔ شام میں بھارت جوڑو مارچ کے تحت مہاتما گاندھی ، ڈاکٹر امبیڈکر اور کمرم بھیم کے مجسموں تک پد یاترا کی جائے گی۔ کانگریس کے قومی قائدین 19 ستمبر کو واپس ہوں گے ۔