کانگریس کے خلاف بیان بازی بند کرنے ہریش راؤ کو مشورہ

   

تلنگانہ میں کانگریس کا موقف مستحکم،رکن اسمبلی جگا ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے وزیر فینانس ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس پارٹی کے بارے میں بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ کانگریس کے مقابلہ ہریش راؤ عمر اور تجربہ میں کافی کم ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ سے کانگریس کا صفایا ہریش راؤ کے خواب میں بھی نہیں ہوسکتا ۔ اگر کانگریس پارٹی تلنگانہ ریاست تشکیل نہ دیتی تو ہریش راؤ کا ایڈریس تک نہیں ہوتا۔ کانگریس کی بدولت ہریش راؤ کو وزیر بننے کا موقع ملا ہے ۔ سونیا گاندھی کی جانب سے تلنگانہ کی تشکیل کی بدولت ہریش راؤ دوسری مرتبہ وزیر بن سکے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو خوش کرنے کیلئے ہریش راو کانگریس کو نشانہ بنارہے ہیں۔ کانگریس کیا ہے کے سی آر اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ٹی آر ایس اقتدار میں رہے گی ، اس وقت تک ہریش راؤ کی ڈرامہ بازی جاری رہے گی۔ کانگریس کے برسر اقتدار آتے ہی ہریش راؤ منحرف ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی بھی پارٹی کیلئے مستقل نہیں ہوتا، لہذا ہریش راؤ کو بھی بیان بازی میں احتیاط کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کا موقف مستحکم ہے۔ مجوزہ بلدی انتخابات میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگا ریڈی کے 8 میونسپالٹیز میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا ، سابق وزیر گیتا ریڈی اور سابق ایم پی سریش شیٹکر کے ساتھ مل کر تمام میونسپالٹیز میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ جب بھی مجالس مقامی کے انتخابات ہوں گے، کانگریس پارٹی سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ کے سی آر کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل اور مسائل کی یکسوئی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔