کانگریس کے دوتہائی ارکان کی ٹی آر ایس میں شمولیت متوقع

   

حیدرآباد ۔ 18مارچ ( پی ٹی آئی ) ایک اہم ٹی آر ایس لیڈر نے اشارہ دیا ہے کہ تلگانہ میں کانگریس کے دو تہائی ارکان اسمبلی بہت جلد حکمراں جماعت میں شامل ہوجائیں گے ۔اس ماہ کے آغاز سے کانگریس کے تقریباً 8 افراد نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس میں شمولیت کے فیصلہ کا اعلان کیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات سے عین قبل رونما ہونے والی اس تبدیلی سے کانگریس کو دھکہ لگا ہے ۔ ٹی آر ایس پر انحراف کی حوصلہ افزائی کے الزام پر ٹی آر ایس کی نظام آباد رکن لوک سبھا کے کویتا نے جو چیف منسٹر کی دختر اور اپنی پارٹی کی بااثر لیڈر بھی ہیں کہا کہ ’’ ریاست میں ہنوز اس ضمن میں پیشرفت جاری ہے ۔ کانگریس کے متعدد سینئر قائدین اور تلگودیشم کے کئی افراد ٹی آر ایس میں شامل ہونا چاہتے ہیں ‘‘ ۔ کویتا نے کاہ کہ’’ اگر ان کی تعداد دو تہائی سے زائد ہوگی تو ہم انہیں ( انحراف کی ) حوصلہ افزائی کریں گے ، بصورت دیگر ارکان انفرادی طور پر پارٹی بدلنا چاہتے ہیں تو ہم ان کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے ‘‘ ۔ کانگریس نے ٹی آر ایس پر انحراف کیلئے حوصلہ افزائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں گورنر سے نمائندگی کے علاوہ حکمراں پارٹی کے خلاف مہم شروع کریں گے ۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ملوبٹ وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر اپوزیشن کے خاتمہ کیلئے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ، وہ ایوان میں اپوزیشن کے سوالات کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے ۔