بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جاگو طلبہ جاگو تلنگانہ کا نعرہ دیا
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے سرکاری اسکولس ، گروکل کالجس اور یونیورسٹیز کے غریب طلبہ کو کھانا نہ کھلانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت انہیں بے یار و مددگار چھوڑ رہی ہے ۔ کے ٹی آر نے مشہور شاعر کالوجی نارائن کی شاعری کے چند اشعار پیش کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر نے کہا کہ مس ورلڈ مقابلوں کے دوران سرکاری دعوتوں میں ایک لاکھ روپئے پلیٹ کا کھانا مہمانوں کو کھلاتے ہوئے سرکاری خزانے کو لٹایا گیا ہے ۔ ویملواڑہ میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ عام میں مندر کی آمدنی سے ایک پلیٹ کھانے کے لیے 36 ہزار روپئے خرچ کیا گیا ۔ مگر سرکاری اسکولس ، اقامتی کالجس اور یونیورسٹیز میں زیر تعلیم غریب بچوں کو کھانا کھلانے میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انٹرنیشنل انٹیگریٹیڈ اسکولس کے نام پر کمیشن کروڑہا روپئے کے ٹنڈرس جاری کئے جارہے ہیں ۔ مگر موجودہ ریسیڈیشنل اسکولس اور کالجس کے طلبہ کو کھانے سے محروم کرتے ہوئے کانگریس حکومت غریب طلبہ کی بد دعا لے رہی ہے ۔ ریاستی کابینہ میں وزیر تعلیم کو شامل نہ کرتے ہوئے ایک طرف تعلیمی شعبہ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ دوسری طرف غریب طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں تعلیمی شعبہ کو اولین ترجیح دی گئی ۔ بڑے پیمانے پر اصلاحات لائے گئے کانگریس کے دیڑھ سالہ دور حکومت میں تعلیمی شعبہ کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کے خلاف کمربستہ ہوجانے کا طلبہ کو مشورہ دیتے ہوئے جاگو طلبہ جاگو تلنگانہ کا نعرہ دیا ۔۔ 2