حیدرآباد: 5 اگست (سیاست نیوز) نئی دہلی میں کانگریس پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ احتجاج میں شرکت کرنے والے یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر شیواسینا ریڈی شدید زخمی ہوگئے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، مخالف کسان بلس اور اہم شخصیتوں کی پیگاسس کے ذریعہ جاسوسی کے لیے پارٹی نے احتجاج منظم کیا تھا۔ ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے پارلیمنٹ کے گھیرائو کی کوشش کی۔ احتجاج کے دوران شیوسینا ریڈی پولیس کی کارروائی میں شدید زخمی ہوگئے۔ تلنگانہ سے سینکڑوں یوتھ کانگریس کارکنوں نے قومی صدر ڈی سرینواس کی قیادت میں احتجاج میں حصہ لیا۔ کارکنوں و پولیس کے درمیان جھڑپ میں کئی احتجاجی زخمی ہوگئے۔ ریاستی صدر شیوا سینا ریڈی کے گھٹنے میں فریکچر آگیا۔ انہیں رام منوہر لوہیا ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ۔ یوتھ کانگریس کے قومی انچارج کرشنا، قومی صدر بی وی سرینواس، قومی جنرل سکریٹری انیل کمار یادو، امرپریت سنگھ اور دیگر نے شیوسینا ریڈی کی عیادت کی اور عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔