کانگریس کے ذریعہ راجیہ سبھا کی رکنیت کی تردید : کودنڈا رام

   

شکست کیلئے ای وی ایم مشین ذمہ دار نہیں،محاذ کی تشکیل میں تاخیر ناکامی کی اہم وجہ
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں ان کے حصہ لینے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کے ذریعہ راجیہ سبھا کی رکنیت حاصل کرنے کی اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے اعتراف کیا کہ اسمبلی انتخابات میں عوامی اتحاد کی شکست کی اہم وجہ عوام کو اتحاد کے ایجنڈہ سے واقف کرانے میں ناکامی ہے۔ عوامی اتحاد کے ایجنڈہ کو گھر گھر پہنچانے میں تینوں جماعتیں ناکام ثابت ہوئیں جس کے سبب عوام دوبارہ ٹی آر ایس کے پروپگنڈہ کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ محاذ نے اگرچہ عوام کے حق میں بہترین ایجنڈہ تیار کیا تھا لیکن اسے پہنچایا نہیں جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلہ میں بھی محاذ کی جانب سے بعض خامیاں دیکھی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ کے سی آر کی مہم کا مناسب جواب دینے کیلئے کم از کم 50 دن کی ضرورت تھی اور انہوں نے اتحاد کے قائدین سے اس بات کا اظہار بھی کیا تھا۔ کانگریس اور تلگو دیشم کے قائدین کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے لئے صرف تین ہفتے کافی ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدے رائے دہندوں تک پہنچانے میں ہم ناکام ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات میں عوامی اتحاد کی کارکردگی علحدہ نوعیت کی ہوگی ۔ شکست سے ہم سبق حاصل کرتے ہوئے لوک سبھا انتخابات کی مہم میں اس کی اصلاح کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات اور منڈل کی سطح سے تلنگانہ جنا سمیتی کو مستحکم کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور عوامی اتحاد کے درمیان ووٹوں کا فرق محض 22 لاکھ ہے۔ انہوں نے پنچایت راج اداروں میں پسماندہ طبقات کو کم از کم 25 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرض معافی ، پیداوار کی امدادی قیمت اور بیروزگاری جیسے مسائل کے علاوہ جی ایس ٹی کا مسئلہ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرے گا ۔ انہوں نے کے سی آر کی جانب سے فیڈرل فرنٹ کے قیام کی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں صرف دو مرتبہ فیڈرل فرنٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ موجودہ حالات میں فیڈرل فرنٹ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ کے سی آر کو وضاحت کرنی چاہئے کہ کس کے فائدہ کیلئے فرنٹ قائم کر رہے ہیں۔ کودنڈا رام نے کانگریس قائدین کے اس موقف سے اختلاف کیا کہ ای وی ایم مشینوں کے سبب شکست ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کی تشکیل میں کافی تاخیر ہوگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی مہم کے انداز کو دیکھتے ہوئے عوامی اتحاد کے پاس وقت نہیں تھا۔ اتم کمار ریڈی نے محض 15 دنوں کی مہم کو کافی قرار دیا تھا ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کے سی آر اور چندرا بابو نائیڈو کے درمیان کیا محبت ہے اور کے سی آر انہیں جوابی تحفہ کیا دیں گے دیکھنا پڑے گا۔