کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا چیف منسٹر کو مکتوب

   

Ferty9 Clinic


قدیم طریقہ کار پر رجسٹریشن کرنے کا خیرمقدم، ایل آر ایس اسکیم سے دستبردار ہونے کا مطالبہ

حیدرآباد : کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایل آر ایس اسکیم سے بھی دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ قدیم طریقہ کار پر رجسٹریشن کا عمل جاری رکھنے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مکتوب میں بتایا کہ تین ماہ تک رجسٹریشن کا عمل منسوخ کردینے سے تعمیری شعبہ اور رئیل اسٹیٹ شعبہ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے اور ساتھ ہی حکومت کی آمدنی بھی متاثر ہوئی ہے۔ حکومت کے غلط فیصلے سے لاکھوں مزدور مسائل سے دوچار ہوئے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے مخالفت کرنے کے باوجود چیف منسٹر نے اپنی من مانی کی ہے۔ ہائیکورٹ کے پھٹکار کے بعد چیف منسٹر نیند سے بیدا رہوئے اور قدیم طریقہ کار پر رجسٹریشن کا عمل بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے دھرانی پورٹل سے عوام کو پیش آنے والی دشواریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ موروثی جائیداد کی منتقلی میں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ساتھ ہی عوام سے تین ہزار روپئے وصول کرتے ہوئے زائد مالی بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ لہٰذا وہ چیف منسٹر سے اپیل کرتے ہیں کہ جس طرح رجسٹریشن کے معاملے میں دستبرداری اختیار کی گئی ہے۔ اس طرح ایل آر ایس اسکیم سے بھی دستبرداری اختیار کی جائے اور عوام کو بڑی راحت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس اسکیم کے ذریعہ عوام سے کروڑہا روپئے وصول کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ حکومت اس اسکیم سے فوری دستبردار ہوجائے بصورت دیگر وہ اس کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوں گے۔