کانگریس کے زیر اہتمام آج اقلیت گرجنا دھرنا چوک پر احتجاج، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کی شرکت

   

حیدرآباد۔13 ۔اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام اقلیتوں کے مسائل پر ہفتہ 14 اگست کو دھرنا چوک اندرا پارک پر اقلیت گرجنا کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں کے سی آر حکومت کی ناکامی کو اجاگر کرنے کیلئے دھرنا منظم کیا جائے گا جس میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ دیگر سینئر قائدین شرکت کریں گے ۔ تلنگانہ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو کانگریس سے قریب کرنے کیلئے مینارٹیز ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل نے ریاست گیر سطح پر ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے بعد ہر ماہ متحدہ 10 اضلاع میں دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ پارٹی کی جانب سے دلت اور گریجن طبقات کیلئے گرجنا کے نام سے جلسہ عام منعقد کئے جارہے ہیں جس کی طرز پر اقلیت گرجنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ کے سی آر نے 2014 ء سے آج تک مسلمانوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ دھرنے کے ذریعہ ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔ دھرنے میں ریونت ریڈی کے علاوہ اتم کمار ریڈی ، پونالہ لکشمیا ، وی ہنمنت راؤ ، بھٹی وکرمارکا ، محمد علی شبیر ، کے جانا ریڈی ، ڈاکٹر گیتا ریڈی ، محمد اظہرالدین ، انجن کمار یادو اور دیگر قائدین حصہ لیں گے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ مسلمانوں سے 12 فیصد تحفظ کا وعدہ کیا گیا تھا، اس کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ ، وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاورس، سکریٹریٹ کی مساجد کی دوبارہ تعمیر ، اسکالرشپ ، فیس ری ایمبرسمنٹ اور دیگر مطالبات پر پارٹی قائدین اظہار خیال کریں گے ۔