کانگریس کے سابق وزیر اور رکن اسمبلی ہرش وردھن بی جے پی میں شامل

   

ممبئی۔11 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس حکومت کے مہاراشٹرا کے سابق وزیر ہرش وردھن پاٹل چہارشنبہ کے دن بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کی موجودگی میں ایک تقریب کے دوران بی جے پی میں شرکت کرلی۔ فڈنویس نے کہا کہ وہ گزشتہ 5 سال سے انتظار کررہے تھے کہ سابقہ کانگریس وزیر امیت شاہ کی قیادت میں کب بی جے پی میں شریک کرتے ہیں۔ ہرش وردھن پونا ضلع کے انداپور کے حلقے سے 4 مرتبہ ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ انہیں 2014ء کے اسمبلی انتخابات میں این سی پی کے امیدوار کے مقابلے میں بہت ہی کم ووٹوں سے شکست ہوگئی تھی۔ انہوں نے گزشتہ انتخابات میں این سی پی کی امیدوار سپریہ میولے کی کامیابی کو یقینی بنانے کی کوشش اس امید پر کی تھی کہ این سی پی انداپور سے اس کی امیدواری کی تائید کرے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔این سی پی کے رویہ سے ہرش وردھن کو سخت تکلیف پہنچی اس کے علاوہ کانگریس میں بھی انہیں اپنا مقام متاثر ہوتا ہوا نظرآنے لگا تھا۔